خوشاب: ( روزنامہ دنیا) خوشاب کے حلقہ این اے 93 کے دو گاؤں ایسے بھی ہیں جہاں قیام پاکستان سے لے کر اب تک کسی خاتون کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں، خواتین ووٹرز کو پولنگ سٹیشن پر جانے پر آمادہ کرنا الیکشن کمیشن کے لیے چیلنج بن گیا۔
یونین کونسل سندرال کے علاقہ گھگھ کلاں اور گھگھ خورد میں قیام پاکستان سے لیکر آج تک کسی بھی خاتون نے ووٹ کا حق استعمال ہی نہیں کیا، بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات 70 سال سے زائد عرصے سے یہ انوکھی روایت قائم ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اسی حلقہ سے مسلسل تین بار محترمہ سمیرا ملک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی چلی آرہی ہیں اور اب بھی وہ اسی حلقہ سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں، اس حوالہ سے ڈی پی او خوشاب سید حسنین حیدر، ڈپٹی کمشنر ندیم عباس بھنگو نے ملاقات کی ہے اور آنے والے عام انتخاب میں خواتین سے ووٹ کاسٹ کروانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔