کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں کورونا وائرس سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی متاثر ہو رہا ہے، کٹس کی کمی اور ہسپتال آنے والے مریضوں کی بے احتیاطی سمیت کئی وجوہات نے ڈاکٹروں کو اس بیماری میں مبتلا کر دیا۔
کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، پرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملہ دن رات مختلف بیماریوں کے شکار مریضوں کی خدمت میں مصروف ہے، صوبے کے دیگر اضلاع کی نسبت کورونا وائرس کوئٹہ میں تیزی سے مقامی آبادی میں پھیل رہا ہے۔
بات یہیں ختم نہیں ہو رہی، لوگوں کی بے احتیاطی کے سبب ابتک سول ہسپتال اور بی ایم سی ہسپتال کے تقریبا 30 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ کورونا وائرس کا شکار ہو چکا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان ہسپتالوں میں وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج بھی نہیں ہو رہا۔
مریضوں کے ساتھ آنےوالے اکثر لوگ ماسک اور گلوز کا استعمال نہیں کر رہے اور ہسپتالوں کے احاطے میں گروہ کی شکل میں ڈیرے جمائے بیٹھے ہیں۔
انتظامیہ کا موقف ہے کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کو کورونا وائرس سے بچائوکی دستیاب تمام کٹس فراہم کر دی گئی ہیں مگر مریضوں کے ساتھ آنےوالے ہر تیماردار کو ماسک وغیرہ فراہم کرنا ممکن نہیں۔