پنجاب: بی ایس آنر ’کو ایجوکیشن‘ پر پابندی عائد کرنیکی خبریں جعلی قرار

Published On 03 February,2022 05:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں بی ایس آنر ’کو ایجوکیشن‘ پر پابندی عائد کرنے کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بی ایس آنرز ’کو ایجوکیشن‘ پر پابندی عائد کر دی گئی۔

دوسری طرف  وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے لیے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے پرائیوٹ کالجز میں بی ایس (آنرز) کی ڈگری پروگرام کے لیے ’کو ایجوکیشن‘ پر پابندی عائد نہیں کی۔

 انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر چلنے والے جعلی خبر کا اسکرین شارٹ بھی شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے بھر میں کو ایجوکیشن پر پابندی عائد کردی ہے۔ 

 دوسری جانب پنجاب کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہائیر ایجوکیشن یاسر ہمایوں سرفراز نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے اس خبر سے متعلق وضاحت پیش کی۔

 ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے پنجاب بھر کے کالجز میں ’’کوایجوکیشن‘‘ سے متعلق کسی قسم کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا ، لہذا سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔

 گزشتہ روز یہ خبر چل رہی تھی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبے بھر کے کالجز میں بی ایس (آنرز) پروگرام کے لیے کو ایجوکیشن پر پابندی عائد کردی۔

خبر نشر کیے جانے پر دیگر میڈیا گروپس اور خاص طور پر سوشل میڈیا پر بھی یہ خبر بڑی تیزی سے پھیل گئی اور صارفین کی جانب سے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا کو وضاحت دینا پڑگئی اور انہوں نے پورے معاملے پر پنجاب حکومت کا موقف پیش کیا۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر

پنجاب کے پرائیویٹ کالجز میں بی ایس آنرز میں ’کو ایجوکیشن‘ کی اجازت نہیں ہوگی اور پاپندی کی خلاف ورزی پر کالجوں کا الحاق منسوخ کر دیا جائے گا۔

کالج میں بی ایس آنرز ڈگری کے لیے طلباء اور طالبات کی الگ الگ کلاسز ہوں گی اور ایک ہی کیمپس میں بی ایس آنرز کی مخلوط کلاسز کی اجازت نہیں ہوگی۔

پرائیویٹ کالجوں کو اسٹامپ پیپر پر بیان حلفی جمع کرانا ہوگا اور بی ایس آنرز ڈگری کا الحاق لینے کیلئے 28 فروری فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ پرائیویٹ کالجوں کو بی ایس آنرز کی چیک لسٹ کے مطابق فارم جمع کرانا ہوں گے۔