ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نےکہا ہے کہ سوشل میڈیا کے دور میں مشہور شخصیات کے لیے ٹرولنگ زندگی کا لازمی حصہ بن گئی ہے۔
کاجول نے ایک تقریب کے دوران سوشل میڈیا ٹرولنگ سے نمٹنے، کیریئر میں توازن برقرار کھنے اور مشہور شخصیات کی زندگی کی پیچیدگیوں پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر زیر گردش گلیمرس تصاویر اور ان کے پیچھے کی حقیقت سے متعلق بھی اظہار خیال کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں شکرگزار ہوں کہ میری زندگی کا بیشتر حصہ سوشل میڈیا کے بغیر گزرا ہے، 6 سال پہلے ہی سماجی رابطے کی دنیا میں قدم رکھا، یہاں زندگی غیر حقیقی ہے۔
مداحوں کے دہری نوعیت کے ردعمل پر کاجول نے کہا کہ جب آپ سے لوگ بہت زیادہ پیار کرتے ہیں تو انہیں آپ سے نفرت کرنے کا بھی حق ہے، یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ صحیح ہیں لیکن ہمیں مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے اس سے نمٹنا ہوگا۔
اداکارہ نے خود کو سست ترین شخص کہا اور کیریئر کے دوران طویل وقفوں پر بات کی اور کہا کہ فلمی گھرانے سے ہونے کے باوجود یہ سفر میں نے اپنایا، میری فلموں کی تعداد بھی کم ہے۔
کاجول نے کہا کہ میری والدہ اور دادی کہتی تھیں کہ کام آپ کی زندگی کا حصہ ہے لیکن آپ کی پوری زندگی نہیں ہے، فلموں سے بریک کے دوران میں نے شادی کی اور بچے پیدا کیے۔