ورلڈ کلچر فیسٹیول: ہسپانوی کامیڈی تھیٹر ’سرکل مرر ٹرانسفارمیشن‘ پیش

Published On 10 October,2024 09:35 am

آرٹس کونسل کراچی کے زیر انتظام رنگا رنگ 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں جاری ہے، فیسٹیول کے 14 ویں روز بین الاقوامی کامیڈی تھیٹر ’سرکل مرر ٹرانسفارمیشن‘ پیش کیا گیا۔

ڈرامہ سپین کی بلیو بک تھیٹر کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا جس کی مصنفہ پلیٹزر انعام یافتہ اینی بیکرز اور ڈائریکٹر بی جے ایونز تھیں جبکہ تھیٹر کی کاسٹ میں مارٹی (سوفی ہائیڈیکر اور ایریکا لارین وائز)، لارین (حنا ڈی بیلا)، تھریسا (سارہ ہیلن ڈیلامور)، شلٹز (کرسٹوفر کیلی)، جیمز (ایلکس لیو) شامل تھے۔

شائقین کی بڑی تعداد سپین سے آئے ہوئے فنکاروں کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئی اور تالیاں بجا کر فنکاروں کو خوب داد دی۔

ڈرامہ انگریزی زبان میں پیش کیا گیا جس کا دورانیہ 90 منٹ تھا، سرکل مرر ٹرانسفارمیشن نامی یہ ڈرامہ تخلیقی صلاحیتوں کی پوشیدہ اور حیران کن طاقت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایک ہنستا مسکراتا شوہر، ایک چلبلی سابقہ اداکارہ، ایک بگڑی ہوئی 16 سالہ لڑکی اور ایک طلاق یافتہ کارپینٹر چھ ہفتوں کے لیے مارٹی کمیونٹی سینٹر اداکاری کے کورس میں شامل ہوتے ہیں۔

بظاہر یہ لوگ معصوم کھیل کھیلنا شروع کرتے ہیں مگر ان چھوٹے چھوٹے کھیلوں کے دوران بڑے تنازعات جنم لیتے ہیں جس کی وجہ سے ان لوگوں کے دل خاموشی سے ٹوٹتے جاتے ہیں۔

یہ پلیٹزر انعام یافتہ مصنفہ اداکاری کے فن کی باریکیوں کو اجاگر کرتی ہے اور تخلیقی عمل کی ان جہتوں کو سامنے لاتی ہے جن کی بدولت ایک اداکار مختلف جذبات کو اس انداز سے پیش کرتا ہے کہ وہ سٹیج پر حقیقت کے قریب نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ 2 نومبر تک جاری رہے گا جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔