لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن کی لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کی شناخت سفیان سرور اور اسد والٹر کے نام سے ہوئی، ملزم سفیان سرور فلائٹ نمبر 9P-502 کے ذریعے وزٹ ویزے پر آذربائیجان جا رہا تھا ملزم کے پاسپورٹ پر پاکستان آمد اور یونان روانگی کی جعلی مہریں لگی ہوئی تھیں۔
دوسرا ملزم اسد والٹر فلائٹ نمبر GF-765 کے ذریعے اٹلی جا رہا تھا ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا پولینڈ ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 12 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے مذکورہ کارڈ حاصل کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔