پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں پولیس نے سال 2021 میں سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں کیں، قتل، اقدام قتل، اغواء، ڈکیتی ،رہزنی ، چوری سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب مجرموں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا، 6 کروڑروپے سے زائد رقم، زیورات، گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
خیبر پختونخوا پولیس نے سال 2021 کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں ،5 ہزار کے قریب مجرموں کو گرفتارکیا گیا،جدید خودکار اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق اغواء میں ملوث 94 ملزموں کو گرفتار کرکے 45 مغوی بازیاب کرائے گئے۔ قتل میں ملوث 537، ڈکیتی، راہزنی اور چوری وغیرہ میں ملوث 159 گروہوں کو بے نقاب کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے چھ کروڑ انیس لاکھ سے زائد نقد رقم، سینکڑوں موبائل فون اور 92 تولہ طلائی زیورات برآمد ہوئے۔
سال بھر میں موٹر کار و موٹرسائیکل سنیچرز و لفٹنگ میں ملوث 365 ملزمان کو گرفتار کرکے 16 گاڑیاں اور133موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد سے نمٹنے کے لیے جہاں سخت کارروائیاں کی گئیں وہیں انٹر اکائونٹیبیلیٹی کے تحت 2632 اہلکاروں کو سزائیں جبکہ 76 کو برخاست بھی کیا گیا۔