ملتان: غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز پر مافیا شہریوں کو لوٹنے لگا، ٹریفک روانی بھی متاثر

Last Updated On 04 October,2019 10:13 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث درجنوں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز پر شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے، بھتہ مافیا کی جانب سے لگائے گئے پارکنگ سٹینڈز پر پارکنگ فیس کی وصولی کیساتھ شاہراوں پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

ملتان میں غیرقانونی پارکنگ سٹینڈزمافیا شہریوں کو لوٹنے لگا، موٹرسائیکل کی پارکنگ فیس 30، گاڑی کی 40 روپے وصول کی جا رہی ہے، بڑے تجارتی مراکز، شادی ہالز، پلازے اور کچہری کیساتھ وکلا کی جانب سے غیر قانونی پارکنگ سے شہر کی اہم شاہراوں پر گھنٹوں ٹریفک جام بھی اب معمول بن چکا ہے جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا، اب تک 49 غیر قانونی پارکنگ مالکان کیخلاف ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں تاہم شہر میں موجود 86 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خاتمے کیلئے انتظامیہ کو بھتہ مافیا کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے تمام تر دعووں کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔