لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے 2028 میں لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس میں مرد اور خواتین کی 6، 6 کرکٹ ٹیموں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں میں کرکٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، مرد اور خواتین کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی جن کے لیے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا، مرد و خواتین میں ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 12 فل ممبرز ہیں، ایونٹ پروگرام اینڈ ایتھلیٹ کوٹہ کی منظوری آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی تاہم لاس اینجلس اولمپکس کے کرکٹ وینیوز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ کرکٹ کو آخری مرتبہ 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کو اولمپکس مقابلوں میں کوالیفائی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ موجودہ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان مینز ٹیم ساتویں اور ویمنز ٹیم آٹھویں پوزیشن پر ہے جبکہ اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے رینکنگ بہتر کرنا ہو گی۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں 11 ہزار 198 ایتھلیٹس شرکت کریں گے، اولمپک پروگرام کے 31 اور ہوسٹ وینیو کے 5 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، لاس اینجلس اولمپکس میں مجموعی طور پر 351 میڈلز ایونٹ ہوں گے جبکہ ایکواٹکس میں 55 اور ایتھلیٹکس میں مجموعی طور پر 48 میڈلز دیے جائیں گے۔
لاس اینجلس گیمز کے 36 اسپورٹس میں مجموعی طور پر 5543 مرد اور 5655 خواتین پلیئرز حصہ لیں گے، 351 میڈلز ایونٹس میں سے 161 خواتین، 165 مرد اور 25 مکسڈ ایونٹس ہوں گے۔