چیمپئنز ٹرافی فائنل میں سٹیج پر نہ بلانے کے پیچھے جو ہاتھ کارفرما تھے ان کا سب کو پتہ ہے: سی او او سمیر احمد

Published On 22 March,2025 04:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں میں وہاں موجود تھا مگر انہوں نے سٹیج پر نہیں بلایا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا ہم نے آئی سی سی سے احتجاج کیا تھا مگر انہوں نے تسلی بخش جواب نہیں دیا، ہم اسے شدید انتظامی بدنظمی کہیں گے مگر اس کے پیچھے جو ہاتھ کار فرما تھے ان کا سب کو پتا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران بارش کی وجہ سے سٹیڈیم کی چھت لیک ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ دوبارہ مرمت کر دی گئی اور ٹھیکیدار سے نقصان کا ازالہ بھی کروایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں رُوف ٹریٹمنٹ میں کوتاہی ہوئی تھی، سٹیڈیم میں لیکیج کو تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں، قذافی سٹیڈیم میں جہاں جہاں لیکیج ہوئی اس کی ٹھیکیدار سے مرمت بھی کروائی۔