حکومت وفاقی بجٹ کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دے گی: وزیر خزانہ

Published On 14 April,2025 06:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں سال بجٹ سازی کا عمل قبل از وقت شروع کیا گیا ہے، حکومت وفاقی بجٹ کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دے گی۔

حکومت کا حقیقت پسندانہ اور جامع پالیسی سازی کے لئے حکومتی عزم کا اظہار، پائیدار اقتصادی مستقبل کیلئے برآمدات اور سرمایہ کاری سے چلنے والی ترقی کو فروغ دینے کا عزم۔

وزیرخزانہ کی زیرصدارت ترجیحی شعبہ جات میں قرض کی فراہمی کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں سٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور معروف بینکوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں مالیاتی شعبے کی ترجیحی شعبوں کیلئے قرضہ جات کی فراہمی پر غور کیا گیا، چیئرمین بینکس ایسوسی ایشن نے بریفنگ دیتے ہوئے زرعی شعبے، ایس ایم ایز کو سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے چھوٹے کسانوں کو بغیر ضمانت کے کیش فلو پر مبنی باضابطہ قرض کی فراہمی پر زور دیا، وزیر خزانہ نے برآمدات کو فروغ دینے کیلئے بینکنگ سیکٹر کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مستقبل کی ترقی بارے حکمت عملی پر مکمل طور پر کاربند ہے، پالیسی کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہے، پالیسی اہم شعبوں میں برآمدی استعداد پیدا کرنے میں معاون ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاری کے حوالے سے منرلز سمٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ سمٹ ملکی سرمایہ کاروں کی اعلیٰ قدر کے منصوبوں میں دلچسپی کا مظہر تھا۔