جو حالات ہیں 5 سال میں قدرتی گیس ختم ہوجائے گی: سیکرٹری پٹرولیم

Published On 13 April,2023 03:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری پٹرولیم کا کہنا ہے کہ جو حالات ہیں 5 سال میں قدرتی گیس ختم ہوجائے گی، سمندر میں قدرتی گیس کی تلاش کیلئے 19 بلاک مختص کر دیئے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی اسی جانب راغب کر رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس عامر طلال گوپانگ کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیکرٹری پٹرولیم نے بریفنگ دی۔

سیکرٹری پٹرولیم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہائی رسک ملک ہے، پہلے سے موجود غیرملکی سرمایہ کار اثاثے بیچ کر واپس جا رہے ہیں، تیل اور گیس کے شعبے میں 16 غیرملکی کمپنیاں تھیں اب صرف 3 رہ گئیں، مختلف حکومتوں کی پالیسی میں عدم تسلسل بڑا چیلنج ہے، ایک حکومت رعایت دیتی ہے دوسری ختم کر دیتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سمندر میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر ہیں، تلاش کیلئے 19 بلاکس مختص کئے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی اسی پر راغب کر رہے ہیں۔

سیکرٹری پٹرولیم کا کہنا ہے کہ جو حالات ہیں 5 سال بعد قدرتی گیس ختم ہو جائے گی، حکومت متبادل توانائی پر کام کر رہی ہے، ابھی ہائیڈورجن گیس پر تیزی سے کام شروع کر دیا، اس وقت نئے کنکشن تو دور پرانوں کو بھی گیس دینا مشکل ہوگا۔

سیکرٹری پٹرولیم نے مزید کہا کہ ملک میں ایرانی ڈیزل سمگلنگ سے مشکلات کا سامنا ہے، ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ میں بہت سی لابیز ملوث ہیں، اس سے پی ایس او کاروبار کو نقصان ہو رہا ہے، اس وقت ملک میں ڈیزل سرپلس ہوچکا، سٹور کی گنجائش ختم ہوچکی، اس وقت بھی ڈیزل کے 2 کارگوز کو کینسل کیا ہے، بارڈر پر موجود معاونت سے ایرانی ڈیزل سمگل ہو رہا ہے۔