مارچ، اپریل میں روس سے تیل کی ترسیل شروع ہوجائے گی: مصدق ملک

Published On 16 December,2022 11:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر ملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے خام مال، پٹرول، ایل این جی کی درخواست کی تھی، روس پاکستان کو خام تیل رعایتی نرخوں پر دے گا، اپنی وزارت میں کہا ہے روس سے تیل کے حوالے سے تمام وزرا کو بریف کیا جائے، بلاول کو اس حوالے سے آگاہ نہیں کر سکے، ایک سے ڈیڑھ ہفتے بعد ٹائم لائن دے سکتا ہوں، خواہش ہے مارچ، اپریل کے اندر روس سے تیل کی ترسیل شروع ہوجائے گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے روس جو ریٹ دنیا کو دے رہا اس سے بھی سستا لیں، روس کے وفاقی وزیر جنوری کے دوسرے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، ہم نے اپنی وزارت میں اس حوالے سے ایک سیل بنا دیا ہے،روس کے وزیر کی آمد سے پہلے اپنا تمام کام مکمل کر لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس ہمیں ڈسکاؤنٹ دے گا، جتنا دنیا کو ڈسکاؤنٹ اتنا ہی ہمیں دے گا، ہم نے روس سے کہا ہمیں دنیا سے زیادہ ڈسکاؤنٹ ملنا چاہیے، تین لاکھ بیرل تیل ہم امپورٹ کرتے ہیں، پاکستان میں ہرسال گیس کے ذخائر 9 سے 10 فیصد کم ہو رہے ہیں، گیس کم ہے لیکن اچھے انداز سے مینج کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے گیس صارفین کو کم سے کم تکلیف ہو۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آذربائیجان ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو ڈھونڈ کر دےگا، آذربائیجان نے ہمیں ایک کارگو اچھے ریٹ پر آفر کیا تھا، دو کار گو پہلے ہی لگے تھے اس لیے آذربائیجان سے نہیں لے سکے۔

 مصدق ملک نے روسی تیل سے متعلق بلاول بھٹو کا دعویٰ مسترد کر دیا

اس سے قبل وزیر مملکت مصدق ملک نے روسی تیل سے متعلق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس سے ہم سستا خام تیل خریدیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ روس نے واضح طور پر خام تیل دینے کا کہا ہے، روس سے تیل ملے گا اور رعایت پر ملے گا، پاکستانی ریفائنریز اسے صاف بھی کریں گی۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایندھن کیلئے پاکستانی وفد نے روس کا دورہ کیا جو بہت کامیاب رہا، ترکمانستان سے ہمیں پائپ گیس ملے گی، قطر سے گیس کے مزید کارگو منگوائے جا رہے ہیں، قطری حکومت کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے ہماری مدد کی، گزشتہ سال کی نسبت زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ہم امارات کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آذربائیجان ہمیں ایل این جی کا ایک کارگو آفر کر چکا ہے، ہم معاہدوں کو آگے بڑھا رہے ہیں جس سے ہمیں سستا خام تیل ملے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے دسمبر کے پہلے 15 دن میں بھی گیس کی بہتر فراہمی یقینی بنائی، جہاں ہماری پائپ لائن نہیں پہنچ پاتی وہاں ایل پی جی کی دکانیں کھولی ہیں، دسمبر اور جنوری میں گزشتہ سال سے زیادہ گیس فراہم کریں گے۔

پریس کانفرنس میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر سال توانائی میں 8 سے 10 فیصد اضافہ چاہیے، ہمیں پیداواری رفتار کو آگے بڑھانا ہوگا، ہماری تمام ترجیح ملک کی ترقی و خوشحالی ہے، غریب آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہی موجودہ حکومت کا مشن ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے روس سے سستا تیل لینے کی تردید کردی

خیال رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے  روس سے سستا تیل لینے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ  ماسکو سے رعایتی قیمت پر توانائی حاصل کر رہے ہیں نہ ہی کوشش کی جارہی ہے، قبل از وقت انتخابات میں بھی عمران جیت نہیں سکتے