روز ویلٹ ہوٹل معاملہ، مالی مشیروں کے کنسورشیم کی خدمات جلد حاصل کی جائینگی: نجکاری کمیشن

Last Updated On 31 July,2020 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے اور ایوی ایشن ڈویژن نے ٹی او آرز پر کام شروع کر دیا۔

نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کے معاملے پر مالی مشیروں کے کنسورشیم کی خدمات جلد حاصل کی جائیں گی۔

روزویلٹ ہوٹل کے لیز کی بنیاد پر مشترکہ استعمال کی تجویز ہے اور مالی مشیر روزویلٹ کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کیلئے سفارشات دے گا،

نج کاری کمیشن کے مطابق مجوزہ ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی نجکاری بورڈ اور کابینہ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی، وفاقی کابینہ سے بھی توثیق اور منظوری حاصل کی جائے گی۔

اس کے بعد سرمایہ کاروں سے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جائیں گی، مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار درخواستیں دے سکیں گے، درخواستوں کی منظوری کا عمل متعلقہ قوانین کے مطابق پورا کیا جائے گا۔