پشاور کی ضلعی انتظامیہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام

Last Updated On 05 September,2019 08:34 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کی ضلعی انتظامیہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، شہر کے چار ٹائونز میں من مانے اور الگ الگ نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت جاری ہے، شہری کہتے ہیں حکومت اور انتظامیہ نے گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

پشاور میں بڑی تعداد میں انتظامی افسران کی موجودگی کے باوجود تاجروں اور بیوپاریوں نے اشیائے خوردونوش کے الگ الگ ریٹ مقرر کر دیئے، شہر کے چاروں ٹائونز میں روزمرہ استعمال کی کوئی بھی چیز ایک نرخ پر دستیاب نہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نمک سے لیکر پھلوں تک کھانے پینے کی اشیاء کے الگ الگ اور من مانے ریٹ پر متعلقہ اداروں کی خاموشی معنی خیز ہے، مارکیٹ میں حکومتی اداروں کا کسی قسم کا کنٹرول نہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کے پوش علاقوں میں سے شکایات موصول ہوتی ہیں جس کے لیے الگ الگ افسران تعینات کئے گئے ہیں اور کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق رواں ماہ گراں فروشی اور دیگر خلاف ورزیوں پر 25 لاکھ روپے جرمانے بھی وصول کئے گئے۔