کراچی: (دنیا نیوز) عوام کے لیے بری خبر، عالمی منڈی میں نرخ بڑھنے کے سبب یکم مئی سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بڑھ گیا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، سال کے ابتدا میں 42 ڈالر فی بیرل تیل، 65 ڈالر کو بھی کراس کر گیا۔ صرف ایک ماہ میں تیل کی قیمتوں میں 10 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار میں کمی اور امریکا کی ایران اور وینیزویلا پر پابندیوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے تک کا اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔