شدید تنقید کے بعد بی جے پی کے ’ایکس ‘ اکاؤنٹ سے مسلم مخالف کارٹون ڈیلیٹ

Published On 09 May,2024 01:37 pm

نئی دہلی :(ویب ڈیسک ) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کی گئی مسلم مخالف کارٹون ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے انتخابی قوانین کے مطابق انتخابات کے دوران ایسی مہم پر پابندی عائد ہے جو فرقہ ورانہ کشیدگی کو ہوا دے، تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابی مہم کے دوران ایسے قوانین کی خلاف ورزی کرتے نظر آتی ہے۔

بی جے پی کے آفیشل اکاؤنٹ نے کچھ روز قبل ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں کانگریس پارٹی کو مخصوص ہندو کمیونٹیز اور قبائل کے مقابلے میں مسلم اقلیت کو غیرمتناسب فائدہ پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

کانگریس نے الیکشن کمیشن میں درج شکایت میں کہا ہے کہ ان ویڈیوز کو ملک میں فساد پھیلانے اور مختلف کمیونٹیوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کے لیے شیئر کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کو ’قابل اعتراض‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پوسٹ بھارتی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

گزشتہ روز بی جے پی کے اکاؤنٹ سے یہ ویڈیو غائب کردی گئی، جس پوسٹ میں ویڈیو شیئر کی گئی اس میں لکھا تھا کہ یہ ویڈیو ڈیلیٹ کی جاچکی ہے،اپوزیشن کانگریس پارٹی کی طرف سے درج کرائی گئی پولیس شکایت میں ویڈیو پر ’مختلف مذاہب کے درمیان دشمنی‘ کو فروغ دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔

واضح رہے نریندر مودی گزشتہ ماہ عوامی تقاریر کے دوران مسلم مخالف بیان دیتے رہے ہیں،انہوں نے ایک انتخابی ریلی کے دوران مسلمانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے والے اور درانداز قرار دیا ہے، اپنی تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آگئی تو وہ بھارت کی دور دراندازوں میں تقسیم کردے گی جو زیادہ  بچے پیدا کرتے ہیں۔