خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے: شزہ فاطمہ

Published On 03 May,2024 06:32 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہےکہ خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ سے پی ٹی اے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت اور ڈیجیٹل منتقلی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شزہ فاطمہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے، حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیئے ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمہ کے لیے پر عزم ہے، ڈیجیٹل صنفی شمولیت حکمت عملی کی تیاری خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل صنفی شمولیت حکمت عملی خواتین کے موبائل فون، آئی سی ٹی کے استعمال میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گی، خواتین کی عملی شمولیت کا مقصد ایک ایسے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل ہے جس کی پروان جدت، مساوی مواقع پر مشتمل ہے۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی اے ڈیجیٹل انکلوژن کے ذریعے ٹیلی کام شعبے کی ترقی و ترویج کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر وفد پی ٹی اے وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کو صنفی شمولیت پر پریزینٹیشن بھی دی، وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے پی ٹی اے ٹیم کے صنفی شمولیت کے حوالے سے کام کو سراہا۔