گیروڈی اٹالیہ سائیکل ریس: بنیامین تھامس نے پانچواں مرحلہ جیت لیا

Published On 09 May,2024 11:01 am

روم : (ویب ڈیسک ) فرانس کے بنیامین تھامس نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا پانچواں مرحلہ جیت لیا۔

اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 107 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے پانچویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے جینوا سے لوکا تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی مرحلہ تھا جس کا فاصلہ 178 کلو میٹر پر محیط تھا۔

28 سالہ فرانسیسی سائیکل سوار بنیامین تھامس نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 178کلومیٹر کا فاصلہ 3گھنٹے 59 منٹ اور 59 سیکنڈز میں طے کرکے پانچویں مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

32 سالہ ڈینش سائیکل سوار مائیکل ویلگرین اینڈرسن نے دوسری جبکہ 25 سالہ اطالوی سائیکلسٹ اینڈریا پیٹروبون نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی

سلووینیا کے سائیکل سوارتڈیج پوگاچر کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے، گزشتہ سال گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس ٹیم جمبو ویزما کے سلووینین سائیکل سوار پریموز روگلک نے جیتی تھی، وہ رواں ایڈیشن میں شامل نہیں ہیں تاہم رواں سال تڈیج پوگاچر سلووینیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3400.8 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے، گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 26 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔