پنجاب اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

Published On 09 May,2024 07:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی نے سانحہ 9 مئی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی، سانحہ 9 مئی پر قرارداد وزیر پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کی۔

قرارداد پیش کرنے کے موقع پر حکومت اور اپوزیشن کے ارکان آمنے سامنے آگئے، اپوزیشن ارکان نشستوں سے اٹھ کر سپیکر کے ڈائس کے پاس آگئے، اپوزیشن نے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں لہرا دیں، حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں دھکم پیل بھی ہوئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ 9 مئی کو شرپسند عناصر جماعت نے وطن عزیز کے اداروں کے خلاف سیاسی لبادہ اوڑھ کر حملہ کیا، 9 مئی کو قومی سلامتی کے اداروں اور شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی۔

قرارداد کے متن کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم کی رہائش گاہ کو نذر آتش کیا گیا، وطن عزیز کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

متن کے مطابق قومی اداروں نے سازش کو ناکام بناکر ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا، ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سانحہ نو مئی کے ذمہ داران و منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔