انتخابی اخراجات کی تفصیلا ت جمع نہ کرانے پر شاہدخاقان کی جیت کا نوٹیفیکیشن روک دیا گیا

Last Updated On 18 October,2018 10:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے این اے 124 سے شاہد خاقان عباسی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک لیا ۔

لاہور کے باقی 3 حلقے جن میں این اے 131، پی پی 164 اور پی پی 165 شامل ہیں ، میں کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے ابھی تک اپنے انتخابات کے اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں جس کی وجہ سے انکی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا ہے۔


واضح رہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر لاہور کے حلقہ این اے 124 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جیت حاصل کی تھی۔ شاہد خاقان عباسی نے تقریبا 45 ہزار کی برتری سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام محی الدین دیوان کو شکست دی۔این اے 124 سے جیتنے کے باوجود شاہد خاقان عباسی نے دھاندلی کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ہمارے سوالات کا جواب دینا چاہیے، جو دھاندلی جولائی میں وہی ضمنی الیکشن میں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر بتائیں پولنگ اسٹیشن کا انچارج کون ہوتا ہے؟ 40 سے زائد پولنگ اسٹیشن پر گیا پریزائیڈنگ افسر انچارج نہیں تھا۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ افسران کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا اس کو دھاندلی کہتے ہیں۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 میں این اے 124 لاہور سے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز شریف نے کامیابی حاصل کی تھی اور پنجاب کا محاذ سنبھالنے کے لیے قومی اسمبلی کی نشست سے دستبردار ہوگئے تھے۔ ضمنی انتخاب میں ان کی چھوڑی نشست پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انتخاب لڑا، سابق وزیراعظم کو عام انتخابات 2018 میں شکست ہوئی تھی۔