لاہور: (روزنامہ دنیا ) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی شکست کی بڑی وجہ پارٹی کا اندرونی خلفشاراور بعض حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم ہے ۔
راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں پری بجٹ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ تجربے سے سیکھتی ہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے ۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت ضمنی انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہی جو کہ سیاست میں نیا موڑ ہے ،ہم نے نئی روایت قائم کی اور ملک میں جمہوریت پنپنا شروع ہوگئی ہے ۔
صوبائی وزیر قانون نے اعتراف کرتے ہوئے کہا معلوم ہے کہ مہنگائی ہورہی ہے جھوٹ نہیں بولیں گے تاہم حکومت اپنے پہلے بجٹ میں عوام کو ریلیف دے گی۔صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ صوبے میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے اس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خاں کے 100 روزہ وژن پر کام کررہے ہیں حکومت پنجاب تعلیم،صحت ، زراعت صاف پانی سمیت دیگر شعبوں میں کام کررہی ہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام لانے کے لیے پارٹی اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے نیا بلدیاتی نظام لانے کا مقصد اقتدار کو گراس روٹ لیول تک پہنچانا ہے ماضی کی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا تھا ان کے فنڈز تک روک لیے تھے ۔