چکوال ، نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی کم شرح ، الیکشن کمیشن کا نوٹس

Last Updated On 15 October,2018 04:29 pm

اسلام آباد : (روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن نے چکوال اور نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی انتہائی کم شرح کا نوٹس لے لیا۔

دونوں حلقوں کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان ہے ۔خواتین کے ووٹ کاسٹ کا ٹرن آؤٹ اگر دس فی صد سے کم ہوا تو الیکشن کے نتائج کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے ۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چکوال کے حلقہ این اے 65میں چار پولنگ سٹیشنز پر کوئی خاتون نہیں پہنچی تھی۔ پولنگ سٹیشنز چار سو دو، چار سو چار، چار سو پانچ، اور چار سو چھ میں کسی ایک خاتون نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا ۔صوبائی الیکشن کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا، انہوں نے انتخابی امیدواروں اور معززین سے ملاقات کی، خواتین ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک لانے کی یقین دہانی کے باوجود ووٹ کاسٹ نہیں ہوئے ۔
دوسری جانب پی کے 61نوشہرہ میں علاقے کی خواتین کو مقامی جرگے نے ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا، ذرائع کے مطابق آراو زنے علاقہ معززین سے مذاکرات کئے لیکن اس کے باوجود خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ ہوسکے ۔