لاہور میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل، پی ٹی آئی اور ن لیگ آمنے سامنے

Last Updated On 13 October,2018 11:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی 4 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے تیاریاں مکمل، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں زور کا جوڑ پڑے گا۔

عام انتخابات 2018 کے بعد پہلا ضمنی الیکشن، الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلیں۔ لاہور میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر مقابلے ہوں گے۔چاروں حلقوں کے لیے 12 لاکھ 14 ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، کل 11 لاکھ 75 ہزار 832 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لاہور کے ضمنی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹرز کی تعداد حلقہ این اے 124 میں ہے، یہاں 5 لاکھ 35 ہزار 172 ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔یہ نشست رہنماء مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے خالی کی تھی۔ یہاں مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین مدمقابل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے 131 میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 677 ہے۔ این اے 131 میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ تحریک انصاف کے ہمایوں اختر خان سے ہوگا۔

پی پی 164 میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 906 ہے، اسی طرح پی پی 165 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 77 ہے۔ دونوں نشستیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی خالی کردہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور میں کل 881 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں 150 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندار اور باہر تعینات ہوں گے۔