صدارتی انتخاب کے سرکاری و حتمی نتائج جاری، عارف علوی کامیاب قرار

Last Updated On 05 September,2018 06:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نےصدارتی انتخاب کے حتمی نتائج جاری کر دیئے ہیں جن کے مطابق عارف علوی صدارتی انتخاب میں کامیاب قرار پائے ہیں۔ کامیاب امیدوار عارف علوی نے 352، مولانا فضل الرحمان نے 184 اور اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کئے۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے صدارتی انتخاب کے حتمی نتائج جاری کئے ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی 352 ووٹ حاصل کر کے صدر پاکستان قرار پائے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمن 184 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن 124 ووٹ حاصل کر سکے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہی، جس کے بعد غیر سرکاری نتائج کے مطابق عارف علوی پہلے ہی کامیاب قرار پا گئے تھے تاہم الیکشن کمشن نے سرکاری اور حتمی نتائج آج جاری کئے ہیں۔

کامیاب امیدوار کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد عارف علوی نومنتخب صدر تصور ہوں گے۔ واضح رہے کہ ملک کے 12 ویں صدر ممنون حسین کے عہدے کی مدت رواں ماہ 9 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ جس کے بعد عارف علوی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کی جانے والی باوقار تقریب میں 13 ویں صدر مملکت کا حلف اٹھائیں گے جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار ان سے حلف لیں گے۔

 

Advertisement