لاہور، اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) لاہور ہائیکورٹ نے بھکر سے نوانی برادران اور نذیر آرائیں کو الیکشن لڑنیکی اجازت دیدی جبکہ عابد شیر علی کے بھائی عمران شیر کو الیکشن لڑنے سے روک دیا۔
بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی نقوی کی سربراہی میں بنچ نے عمران شیر علی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے، سوئی گیس کے بقایا جات ادائیگی کے باوجود ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات مسترد کیے۔
عدالت نے اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے سے روک دیا۔ عمران شیر پی پی 117 فیصل آباد سے ن لیگ کے امیدوار ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں بینچ نے سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن لڑنے سے روک دیا۔ الیکشن 2013ء میں جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا جبکہ جعلی ڈگری کیس میں ہائیکورٹ نے بری کردیا تھا، درخواست گزار آرٹیکل 62 کی زد میں نہیں آتے۔
عدالت نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں بھائیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ دونوں بھائی بھکر کے حلقہ این اے 98، پی پی 90 اور 91 سے امیدوار ہیں۔