لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 کیلئے سیاسی بساط بچھتے ہی سیاسی جماعتوں کی چالیں شروع، این اے سوات 3 میں ن لیگ کا جنتر منتر، ایم ایم اے نے شہباز شریف کو کامیاب کرانے کیلئے امیدوار سے ٹکٹ واپس لے لیا، مولانا حجت اللہ بھی ڈٹ گئے۔ آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
محبت اور جنگ کے بعد اب الیکشن میں بھی سب جائز، انتخابی دنگل میں مخالفین کا کھیل خراب کرنے کیلئے جوڑ توڑ کا کھیل شروع ہوگیا۔ این اے سوات 3 میں ن لیگ کا "جنتر منتر" ایم ایم اے نے شہبازشریف کا شو کامیاب کرانے کیلئے اپنے اُمیدوار سے ٹکٹ واپس لے لیا۔ اپنی جماعت کی پسپائی پر مولانا حجت اللہ نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
این اے 37 میں تحریک انصاف کی راہ ہموار کرنے کی تیاریوں کی خبریں گردش کررہی تھیں کہ پیپلزپارٹی کے تجربہ کار کھلاڑی فیصل کریم کنڈی پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان ون پر ٹکٹ جاری کیا۔ وہ اپنے حلقے سے ہی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ این اے 37 ٹانک سے اپنے کاغذات واپس لیے، اِسی حلقے سے مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود بھی میدان میں ہیں۔
کون سی جماعت جیتے گی؟ فیصلے میں صرف 25 روز باقی ہیں لیکن سیاستدانوں نے سیاسی بساط پر ابھی سے چالیں چلنا شروع کردی ہیں۔