اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر ابھی تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوا، تاہم سوموار تک چوتھے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرینگے، ورنہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے ان کی متعدد ملاقاتیں ہوئیں تاہم ابھی تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا، سوموار تک چوتھے نام پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرینگے، عدم اتفاق کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔
ایک اور سوال پر وزیرِاعظم نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے جو بات کی اس پر سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ حقائق جاننے والا ایک کمیشن بنا دیا جائے۔ ایک اور سوال پر وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کے بارے میں فیصلہ عوام کرینگے۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگران وزیرِاعظم کے معاملہ پر (ن) لیگ پیپلز پارٹی سے ہاتھ کر گئی ہے، ججوں کا نام شامل نہ کرنے کا مشورہ دے کر اپنے ناموں میں جج بھی شامل کر لیے۔ بدھ کو ملاقات ہونا تھی مگر اب یہ نہیں ہو سکے گی۔ ہو سکتا ہے پارٹی سے مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لیے 2 نام سپیکر کو بجھوا دوں۔