انتخابی لسٹوں میں 33 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز کا اضافہ

Last Updated On 24 May,2018 10:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن، نادرا اور سول سوسائٹی کی کاوشوں سے حتمی ووٹر لسٹوں میں تینتیس لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز کی تعداد میں اضافہ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نمائندہ نگہت صدیقی نے کہا ہے کہ امید ہے آئندہ انتخابات میں خواتین کی ووٹنگ کی شرح بڑھے گی۔

نجی تنظیم فافن کی جانب سے خواتین کے ووٹر لسٹوں میں اندراج کے حوالے سے ملک بھر کے 103 اضلاع میں چلائی گئی مہم کے پہلے مرحلے کے اختتام پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکشن کمیشن، نادرا، سول سوسائٹی اور دیگر غیر ملکی تنظیموں کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل برائے صنفی امور نگہت صدیقی نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں نادرا اور سول سوسائٹی کے ارکان کا کردار قابل ستائش ہے۔ اس مہم کا مقصد خواتین اور مرد ووٹر کی تعداد میں اضافے کو کم کرنا ہے۔ اس مہم میں شناختی کارڈ سے محروم خواتین کی نشاندہی کی گئی اور نادرا کی مدد سے ان کے شناختی کارڈ بھی بنائے گی۔