بلوچستان کے 34اضلاع میں ویٹرنری موبائل یونٹس کی منظوری

Published On 30 April,2024 03:20 pm

کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے صوبے کے 34 اضلاع میں موبائل یونٹس کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ محمد طیب لہڑی، سیکرٹری خزانہ بابر خان و متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں حکومت بلوچستان نے لائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے لیے گریجویٹس کو چھوٹے قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا، نوجوانوں کو چھوٹی سطح کے قرضوں کی فراہمی کے لئے ابتدائی طور پر دو ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس میں مال مویشیوں کی ویکسینیشن کے لئے صوبے کے34 اضلاع میں موبائل یونٹس کی منظوری دی جبکہ بلوچستان کے محکمہ لائیو سٹاک سمیت دیگر محکموں کی ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی وا گزار کرانے کا حکم دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئندہ کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ ہوا تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی ہوگی ، بااثر شخصیات کے ذاتی استعمال میں سول ویٹرنری ہسپتالوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں ، ویٹرنری ہسپتالوں کی سرکاری عمارات کی ایک بڑی تعداد بااثر افراد کے نجی استعمال میں ہیں۔

انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کی بریفنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سرکاری عمارات واگزار کرانے اورایسے تمام افراد کے نام عوام کے سامنے لانے کا حکم دیا جبکہ لائیو سٹاک کی تمام ڈسپنسریوں کے اعداد و شمار جیو ٹیگنگ کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری لائیو سٹاک کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر مال مویشیوں کی ویکسی نیشن کی تیاری جلد شروع کی جائےاور نقصان میں چلنے والے سرکاری ڈیری اور پولٹری فارمز پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا لیز کے تحت چلائے جائیں۔