جے شنکر کی واشنگٹن آمد، سکھ رہنماؤں کا امریکی محکمہ خارجہ کے باہر احتجاج

Published On 28 December,2024 12:32 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے پر امریکا پہنچنے پر خالصتان تحریک کے حامیوں نے امریکی محکمہ خارجہ اور بھارتی سفارت خانے کے باہر شدید احتجاج کیا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔

بھارتی وزیر جے شنکر نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات کی۔
سکھ کارکنوں کے ایک بڑے گروپ نے خالصتان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی عمارت کی طرف مارچ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری بلنکن اور جے شنکر کے درمیان حالیہ ملاقات کی مذمت کی ۔

احتجاج کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ جے شنکر مغربی ممالک میں رہنے والے سکھ کارکنوں کو نشانہ بنانے کی مودی حکومت کی طرف سے رچی گئی سازش کا حصہ ہیں‘‘۔

سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’جے شنکر ہندوستان کے پرتشدد بین الاقوامی جبر کے عالمی سفیر ہیں اور شمالی امریکہ میں اپنے سفارت خانوں کے ذریعے ہندوستان کے جاسوسی نیٹ ورکس کو چلانے کے ذمہ دار ہیں‘‘۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے سکھوں کے خلاف شرانگیز اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر پابندیاں عائد کی جائیں۔