سویڈن میں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب

Last Updated On 25 September,2018 06:53 pm

اسٹاک ہوم: (دنیا نیوز) سویڈن میں عام انتخابات کے دو ہفتے بعد ہی وزیراعظم اسٹافن لوفین کیخلاف پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک ہوم میں واقع سویڈش پارلیمنٹ میں سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے لیڈر اور منتخب وزیراعظم اسٹافن لوفین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔ پارلیمنٹ کے کل 349 ارکان میں سے 346 ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیا، تین ارکان اجلاس میں موجود نہیں تھے۔ وزیراعظم کی برطرفی کے حق میں 204 ووٹ پڑے جبکہ انہیں برقرار رکھنے کے حامی ووٹوں کی تعداد 142 تھی۔

عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد کون سی جماعت حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی یہ ابھی غیر واضح ہے۔ 9 ستمبر میں اسٹافن لوفین کی جماعت 144 نشستوں کے ساتھ کامیاب ہوئی تھی جبکہ سویڈن ڈیموکریٹس 62 نشستیں اپنے نام کرسکی تھی۔