سعودیہ بحرین نیا تجارتی رابطہ پُل پروجیکٹ جلد شروع کرنے کا اعلان

Last Updated On 17 September,2018 03:16 pm

ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی عرب اور خلیجی ریاست بحرین کے درمیان چار ارب ڈالر کی لاگت سے ایک نیا تجارتی رابطہ پُل تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر اگلے چھ ماہ میں کام شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پل پر دو الگ الگ ریلوے ٹریک بچھائے جائیں گے۔ ایک ریلوے ٹریک مسافر ٹرین، دوسرامال بردار ریل گاڑیوں اور تیسرا کاروں کے لیے مختص ہوگا۔

بحرین میں متعین سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ حمد بن عیسیٰ رابطہ پل منصوبے پرعمل درآمد کے لیے ٹینڈر اگلے چھ ماہ کے اندر جاری کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔ اس پر تین سے چار ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ توقع ہے یہ منصوبہ اگلے تین سال میں 2021ء تک مکمل ہو جائے گا۔

سعودی سفیر نےکہا یہ منصوبے پرعمل درآمد’B,O,T‘ سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔ منصوبے کی نگران کمپنی اس کی تکمیل اور محدود عرصے تک اس کے آپریشنل انتظامات کے اخراجات ادا کرے گی۔ مکمل ہونے کئ بعد کمپنی پہلے اپنے اخراجات اور منافع حاصل کرے گی اس کے بعد یہ منصوبوں دونوں ملکوں کو دے دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے دوسرے خلیجی ملکوں کویت، متحدہ عرب امارات اور اومان کو بھی بہت سے معاشی فواید حاصل ہوں گے۔

حال ہی میں بحرین کے وزیر مواصلات وٹیلی کمیونیکشن کمال بن احمد محمد نے اپنے سعودی ہم منصب نبیل بن محمد العامودی سے منامہ میں ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور سیاسی رابطہ پل کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔