امریکا میں سمندری طوفان'فلورنس' نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک

Last Updated On 15 September,2018 06:27 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) طاقتور سمندری طوفان "فلورنس"نے امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہو گئے، لاکھوں گھروں میں بجلی منقطع ہو گئی۔ شمالی کیرولائنا کے گورنر رائے کوپر نے طوفان کو "وحشی" قرار دے دیا۔

امریکا میں سمندری طوفان"فلورنس"نے مہلک روپ اختیار کر لیا ۔ موسلادھار بارشوں اور خطرناک سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی۔ ساحلی علاقوں میں 195کلومیٹر کی رفتار سے چلنےوالی ہواؤں نے درخت اکھاڑ دیے۔ کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

شمالی کیرولائنا کے گورنر رائے کوپر نے فلورنس کو وحشی جانور قراردے دیا۔

طوفان کے راستے سے 17لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ہے۔علاقے کے پٹرول پمپ بھی پٹرول کی قلت کا شکار ہو گئے ہیں۔ فلورنس کا آج شمالی اور جنوبی کیرولائنا سے گزر کر شمالی امریکا میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ’400 میل کی رفتار سے آنے والا یہ طوفان پورے علاقے کو بہا لے جا سکتا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹیشن جیمز ٹروگڈان نے ایسے سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا کہ جو ہزار سال میں ایک بار آتا ہے۔