امریکہ میں 'فلورنس' سے تباہی، 5 افراد ہلاک، 7 لاکھ بجلی سے محروم

Last Updated On 15 September,2018 01:16 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) سمندری طوفان 'فلورنس' کی زد میں آ کر امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں 5 افراد ہلا ک ہوگئے، ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اوربارشوں نے تباہی مچا دی، پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا جبکہ 7 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

تباہ کن سمندری طوفان فلورنس نے امریکا پہنچتے ہی تیور دکھا دیئے، ساحلی علاقوں میں 195 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے درخت اکھاڑ دیئے، دریا بپھر گئے جس سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور درجنوں گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

حکام کےمطابق شمالی کیرولینا میں طوفانی بارشوں کے باعث درخت گرنے سے ماں اوربچہ ہلاک ہو گئے، ایک خاتون طبی امداد نہ ملنے پر ہارٹ اٹیک کےباعث اور ایک مرد کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ خطرے کے پیش نظر جنوبی کیرولینا سے راج ہنسوں کو محفوظ مقام منتقل کردیا گیا ہے، وائٹ ہاوس کےمطابق صدر ٹرمپ آئندہ ہفتے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔