نئی تاریخ رقم : ناسا سورج کے بھی قریب پہنچ گیا

Published On 27 December,2024 11:46 pm

نیویارک:(ویب ڈیسک) چاند پر قدم جمالینے کے بعد اب انسان نے سورج کے گرد بھی اپنا گھیرا تنگ کردیا۔ پہلی بار ناسا کے ایک خلائی جہاز نے سورج کے انتہائی قریب پرواز کر کے تاریخ رقم کر دی اور خیریت کا سگنل بھی بھیج دیا۔

 برطانوی میڈیا کی مطابق سائنسدانوں کو جمعرات کو رات 12 بجے سے تھوڑا پہلے (جی ایم ٹی کے مطابق جمعے کو 5 بجے) پارکر سولر پروب سے ایک سگنل موصول ہوا۔

یہ خلائی جہاز سورج سے خارج ہونے والے انتہائی شدید درجہ حرارت اور بے تحاشہ تابکاری کو برداشت کرتے ہوئے سورج کی بیرونی فضا میں پرواز کر رہا تھا اور اس دوران اس کا زمین سے رابطہ منقطع رہا، اس دوران ناسا کو اپنے خلائی جہاز کی جانب سے سگنل کا بیچینی سے انتظار رہا۔

ناسا کا کہنا ہے کہ اس کا پروب محفوظ ہے اور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، یہ سورج کی سطح سے 38 لاکھ میل کے فاصلے پر پرواز کر رہا تھا، اس مشن کے ذریعے سائنسدانوں کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ سورج درحقیقت کیسے کام کرتا ہے۔

 ہیڈ آف سائنس ڈاکٹر نکولا فوکس نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ لوگ صدیوں سے سورج کے بارے میں پڑھتے آ رہے ہیں، لیکن آپ کسی ماحول کا اصل تجربہ اس وقت تک نہیں کر سکتے جب تک آپ وہاں خود نہ جائیں، اسی طرح ہم سورج کے ماحول کا بھی اس وقت تک تجربہ نہیں کر سکتے جب تک ہم اس کے انتہائی قریب سے نہ گزریں۔

واضح رہے ’پارکر سولر پروب‘ کو سنہ 2018 میں لانچ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ہمارے نظام شمسی کے مرکز کی جانب بڑھ رہا ہے۔