ناسا کی جانب سے چاند پر پانی کی موجودگی کی تصدیق

Last Updated On 13 September,2018 08:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مستقبل میں چاند پر جانے والے مشنز کے لیے ایک اچھی خبر، ناسا کے ایک تحقیقی مشن سے حاصل ہونے والے ڈیٹا نے چاند پر پانی کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔

2017 کی ایک مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چاند کے سطح کے نیچے پانی موجود ہوسکتا ہے۔ اب ناسا کے ایک تحقیقاتی مشن سے حاصل ہونے والے ڈیٹا میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ چاند کی سطح کے نیچے "مینٹل" کہلانے والے حصے میں تین ایسے کیمیائی مادوں کی شناخت ہوئی ہے، جو واضح طور پر بتا رہے ہیں کہ وہاں پانی جمی ہوئی حالت میں یعنی برف کی صورت میں موجود ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق چاند کے مینٹل میں پانی اسی طرح ہے جس طرح زمین پر ہے۔ تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں چاند کی جانب جانے والے خلانوردوں کو کم از کم زمین سے پانی اپنے ہمراہ لے جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، کیوں کہ پانی چاند ہی سے حاصل کیا جا سکے گا۔