آئی فون کے نئے آنیوالے ماڈل میں نیا کیا ہوگا؟

Last Updated On 10 September,2018 11:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سمارٹ فونز کی دنیا میں کمپنیاں اپنے سمارٹ فونز کو منفرد بنانے کیلئے آئے روز نت نئے فیچرز کا اضافہ کر رہی ہیں، ایسے میں آئی فون کی مارکیٹ ویلیو کو برقرار رکھنے کے لیے ایپل نے بھی نئے آئی فون میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں، آئی فون کا نیا ماڈل 12 ستمبر کو لانچ ہورہا ہے۔

ایونٹ سے پہلے نئے آئی فون کے حوالے سے کافی لیکس سامنے آرہی ہیں، ایک لیک میں اس فون کی تصاویر سامنے آئی ہیں جسے ممکنہ طور پر آئی فون ایکس سی کا نام دیا جاسکتا ہے، ایک اور رپورٹ کے مطابق اس فون کو آئی فون ایکس آر بھی کہا جاسکتا ہے۔ اس فون کی تصاویر سے ان پرانی لیکس کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ گلاس بیک اور سنگل رئیر کیمرے کے ساتھ ہوگا۔

نیا آئی فون سفید، اسپیس گرے، روز گولڈ اور ریڈ کلر رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ ایک تصویر سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ یہ آئی فون ڈوئل سم کارڈ سلاٹ کے ساتھ ہوگا اور یہ پہلی بار ہے کہ ایپل ڈوئل سم ڈیوائس پیش کرنے والی ہے۔

تاہم یہ ڈوئل سم سپورٹ پاکستان، چین، بھارت اور ایسے ممالک میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جہاں اضافی سم کا استعمال کافی عام ہے۔