لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کو یکسر مسترد کردیا۔
پی ایس بی کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کو پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے باکسر کی آڑ میں فیڈریشن کے عہدیداروں پر عائد پابندی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ کو مکمل جانبدار قرار دے دیا۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر محمد خالد محمود کی صدارت میں فیڈریشن جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیڈریشن کی آئینی ترامیم، مالی سال 2023ء اور 2024ء کی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر محمد خالد محمود کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے رویئے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک باکسر کے سرکاری پاسپورٹ پر اٹلی میں روپوش ہونے کے واقعہ کی آڑ میں بے بنیاد رپورٹ کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جس باکسر نے سرکاری پاسپورٹ پر اولمپک کوالیفائرز کے لئے اٹلی کا سفر کیا اس کے پاس اپنے محکمے کا این او سی موجود تھا۔
اجلاس کے دوران ایشین جونیئر (بوائز اینڈ گرلز) اور سکول (بوائز اینڈ گرلز) باکسنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر عائشہ ممتاز کیلئے کیش انعام کا بھی اعلان کیا گیا۔