ارجنٹائن: (ویب ڈیسک ) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی پیزا کے انتخاب پر سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گئے ، صارفین کی جانب سے ان کی پسند پر سخت تنقید کی جارہی ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لیونل میسی کی جانب سے پیزا کے انتخاب کو نہ صرف بدترین قرار دیا گیا بلکہ ان کی پسند کا مذاق بھی اڑایا گیا۔
میسی نے سوشل میڈیا پر جیسے ہی اپنے کھانے کی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تو یہ تیزی سے انٹرنیٹ ٹرولنگ کا نشانہ بن گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سٹار فٹبالر کی میامی سے پیزا کی یہ شیئر کی گئی تصویر کو دیکھ کر ان کے مداح کافی حیرانی میں مبتلا نظر آئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی کی جانب سے جو پیزا منتخب کیا گیا تھا اس پر حد سے زیادہ ٹماٹر کے ٹکڑے، زیتون اور پیاز موجود تھی ، یہ تصویر مداحوں کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے فٹبالر کے انتخاب کو بدترین قرار دیتے ہوئے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔
ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں اسے پیزا نہیں کہہ سکتا، یہ جرم ہے جبکہ ایک مزید شخص نے لکھا کہ یہ کون کھاتا ہے۔
ایک شخص کی جانب سے پیزا کو خلائی مخلوق کا کھانا قرار دیا گیا جبکہ ایک صارف نے یہ تک کہہ دیا کہ ایک چیز ایسی بھی ہے جس میں میسی بالکل بھی اچھے نہیں اور وہ ان کے ہیز ا کا انتخاب ہے ۔
قبل ازیں لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی انٹر میامی چلڈرن فٹبال اکیڈمی میں اپنے دو بیٹوں کے ساتھ گراؤنڈ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن کیلئے فیفا ورلڈ کپ 2022 جیتنے والے لیونل میسی سات بار بیلن ڈی ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں ، اپنے کلب کیریئر میں میسی بارسلونا کلب کیلئے لا لیگا اور یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ سمیت 35 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
لیونل میسی نے رواں سال جولائی میں امریکی کلب انٹر میامی جوائن کیا تھا جس کے لیے وہ اب تک 11 گیمز میں 11 گول کرچکے ہیں۔