اسلام آباد:(دنیا نیوز) ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث مزید 7 ملزمان قانونی شکنجے میں آ گئے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور جھوٹے بیانات میں ملوث مزید 7 ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئیں، ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف پروپیگنڈا اور جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے تھے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں میں محمد سہیل، محمد جنید، شیخ محمد احسان، طارق جمیل، سید رضوان، محمد احمد اور بابر عظیم شامل ہیں، ملزمان مختلف واٹس ایپس گروپس اور ایکس کے ذریعے ریاست مخالف نفرت انگیز پروپیگنڈا پھیلا رہے تھے جس پر مقدمات درج کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 12 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے جن کی شناخت کر لی گئی ہے۔