لاہور:(دنیا نیوز) 26 ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کردی گئی۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے، جبکہ درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ کسی بینچ کو خاص قسم کے مقدمات کی سماعت سے روکنا عدلیہ کی خود مختاری میں رکاوٹ ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ 3 سینئر ترین ججز میں سے تقرر اور 65 سال کی عمر سے قبل ریٹائر کرنے کا اصول بنانا عدلیہ کی خود مختاری کو سبوثاز کرنا ہے۔
اسی طرح الیکشن کمشنر کی نیا کمشنر تعینات ہونے تک توسیع غیر جمہوری عمل اور آئین کے منافی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ ترامیم کے سیکشن 18,17 ,14,13,10,9,8,7 اور 22 کو ماورائے دستور قرار دیکر کالعدم قرار دیا جائےاور عدالت 26 ویں آئینی ترامیم کا گزٹڈ نوٹیفکیشن معطل کرے۔