لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پورے صوبے میں روٹی، آٹے اور آٹے سے بنی اشیاء کی قیمتوں کو سختی سے برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے، سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انتظامیہ صفائی مہم کے جذبے سے کام کرے، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے، فوڈ اتھارٹی، اربن یونٹ اور پولیس مقامی انتظامیہ کی معاونت سے کام کریں۔
مریم نواز شریف نے کہا سپیشل برانچ کو بھی متحرک کر دیا گیا، سپیشل برانچ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کی انٹیلی جنس رپورٹ فراہم کرے گی، ذاتی طور پر بھی روٹی اور آٹے کی قیمت چیک کروں گی، عوام سے فیڈ بیک لوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کے لئے پورے صوبے کی انتظامیہ متحرک ہو گئی، چیف سیکرٹری پنجاب نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، میجسٹریٹس اور متعلقہ حکام کو فیلڈ میں خود نکل کر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کر دی۔