پاکستان نے بھارتی رہنماؤں کا انتخابی مہم میں پاکستان مخالف غیرذمہ دارانہ بیانیہ مسترد کردیا

Published On 14 May,2024 09:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ہندوستانی رہنماؤں کے انتخابی مہم کے دوران پاکستان مخالف بیانیے کو یکسر مسترد کردیا۔

بھارتی رہنماؤں کے بیانات پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل میں کہا کہ لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران پاکستان مخالف بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھ رہے ہیں، مختلف ہندوستانی رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات میں جموں و کشمیر تنازع اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات کی گئی ہے، بیانات میں دوطرفہ تعلقات اور جوہری صلاحیتوں سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے، حالیہ بیانات پاکستان کے ساتھ ایک غیر صحت بخش اور جڑے ہوئے جنون کی عکاسی کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یہ بیانات انتخابی فوائد کیلئے ہائپر نیشنلزم کا فائدہ اٹھانے کے ارادے کو ظاہر کرتے ہیں، بیانات بڑھتی ہوئی ملکی اور بین الاقوامی تنقید سے توجہ ہٹانے کی ایک مایوس کن کوشش کی بھی نشاندہی کرتے ہیں، ہندوستانی لیڈروں کی طرف سے دکھائے جانے والی جہالت ایک لاپروا اور انتہا پسند ذہنیت کو بے نقاب کرتی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ذہنیت ہندوستان کی اپنی تذویراتی صلاحیت کے ذمہ دار بننے کی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگاتی ہے، پاکستان نے ماضی میں بھی اپنے دفاع کے عزم کا واضح طور پر مظاہرہ کیا ہے، اگر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا انتخاب کیا گیا تو مستقبل میں بھی ایسا کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت کا مقصد اپنی خودمختاری کا تحفظ اور اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنا ہے، چند ماہ قبل پاکستانی سرزمین پر بھارت کے ماورائے عدالت قتل کی مہم کی تفصیلات کو بے نقاب کیا تھا، پاکستان کے اندر جارحانہ کارروائیاں کرنے کیلئے اپنی تیاری پر بھارت کا مسلسل زور جرم کا اعتراف ہے۔