لاہور: ( دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے فیصل آباد میں یتیم بچوں کے لیے 22 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا۔
آغوش ہوم کے افتتاح پر پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی، ورلڈ کیئر فاؤنڈیشن سے ڈاکٹر ریاض حسین اور الخدمت فیصل آباد کے صدر رائے محمد اکرم خاں کھرل سمیت معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش ہومز کے منصوبے کا آغاز اٹک میں 2005ء کے زلزلے میں والدین سے محروم بچوں کیلئے ایک چھوٹا سا گھر بنانے سے کیا گیا، جس کے بعد ملک بھر میں یتیم بچوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الخدمت آغوش ہومز کے قیام کا سلسلہ شروع ہوا اور فیصل آباد میں 22 ویں آغوش ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد 63 مرلے کے رقبے پر قائم عمارت ہے جہاں ابتدائی طور پر 60 بچوں کو رہائش، خوراک، تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ آغوش میں کمپیوٹر لیب، لائبریری،سپورٹس گراؤنڈ، ان ڈور گیمز اور بچوں کی نفسیاتی نشوونما کے لیے مختلف لیکچرز اور تعلیمی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد کے اگلے مرحلے کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے 44 کنال رقبہ حاصل کر لیا گیا ہے جہاں 250 یتیم بچوں کے لیے آغوش سمیت سکول اور ہسپتال کی تعمیر کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر ریاض حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک و بیرون ملک خدمت کا معتبر نام ہے، الخدمت آفات سے بچاؤ اور دیگر خدمات سمیت یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے، اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں، جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں اور ان میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت، صحت اور خوراک کی مناسب سہولیات میسر نہیں، الخدمت کا مشن ہے کہ کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں کوتحائف دیئے گئے اور مہمانان کو آغوش کا دورہ بھی کرایا گیا، مہمانوں نے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الخدمت کی یتیم بچوں کے لئے جاری کاوشوں کو سراہا، انہوں نے یتیم بچوں کے لیے آغوش کے قیام پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر ان باہمت بچوں اور بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔