باغ: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 15 کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار ضیا القمر نے 25755 ووٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں حلقہ ایل اے 15 باغ ٹو میں ضمنی الیکشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق سنسنی خیز مقابلہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار ضیا القمر نے 25755 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار مشتاق احمد منہاس 20485 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
2021ء کے عام انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی جماعت تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کرنل (ر) ضمیر خان شکست کھا گئے، حلقہ ایل اے 15 کی کہ نشست سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے 2500 سے زائد پولیس اہلکار جبکہ کوئیک ریسپانس کے طور پر 500 ایف سی اہلکار تعینات رہے، متعدد مقامات پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے واقعات بھی پیش آئے جسے پولیس نے کنٹرول کر لیا۔
پولنگ سٹیشن نمبر 182 پر پریذائیڈنگ آفیسر کی دھاندلی کے الزام پر متبادل پریذائیڈنگ آفیسر کو تعینات کیا گیا، پولنگ کا سلسلہ صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، 52 ہزار 671 ووٹ پول ہوئے جن میں 412 ووٹ مسترد ہوئے، مجموعی طور پر ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے زائد رہا۔
ضمنی الیکشن کیلئے حلقے میں 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، جن میں مردوں کیلئے 59 پولنگ سٹیشن، خواتین کیلئے 57 جبکہ 73 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے۔