لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔
عید کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
علمائے کرام نے اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران اور مسلم ممالک کے سفراء نے نماز عید ادا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز سمیت پارٹی کے اہم رہنما بھی موجود تھے، وزیر اعظم شہباز شریف نماز عید ادا کر کے جاتی امراء روانہ گئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے گڑھی خدا بخش بھٹو،وزیر دفاع خواجہ آصف نے جامع مسجد خواجہ صفدر کینٹ میں نماز عید ادا کی۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود، سینیٹر عطاء الرحمان و دیگر نے نماز عید ڈی آئی خان، وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع نے نماز عید قلعہ عبداللہ، آغا سید محمود شاہ نے قلات میں ادا کی، سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد درانی نے نماز عید بنوں میں ادا کی۔
اسی طرح سینیٹر عبدالغفور حیدری نے عید مدینہ جبکہ وفاقی وزیر طلحہ محمود نے مکہ میں ادا کی ۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید کی نماز ادا کی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھائی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیاقت باغ میں عید نماز ادا کی۔
کراچی کے پولوگراؤنڈ (باغ جناح) میں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عید کی نماز ادا کی، نماز عید میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
پشاور میں مرکزی اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پر ہوا، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز عید ادا کی اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
کوئٹہ میں نماز عید کے 200 سے زائد اجتماعات کھلے مقامات، پارکوں، مسجدوں، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں ہوئے جبکہ مرکزی اجتماع عیدگاہ توغی روڈ پر ہوا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی۔
صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
عید کے اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لئے امن و سلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے، رمضان المبارک ہمارے اندر تقویٰ، پرہیزگاری اور دوسروں کی تکلیف کا احساس پیدا کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کر رہے ہیں، قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں، اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں، میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا عیدالفطر پر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔