دعا زہرہ کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کی اجازت، ظہیر کی عبوری ضمانت منظور

Published On 21 July,2022 07:34 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کی اجازت دے دی جبکہ مقامی عدالت نے ملزم ظہیر اور شبیر کی عبوری ضمانت بھی منظور کرلی۔

دعا زہرہ بازیابی کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے، سندھ ہائیکوٹ نے ریمارکس دیئے کہ دعا زہرہ کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں، کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے، بظاہر دعا زہرہ اپنے شوہر کے ساتھ بھی ناخوش ہے اور ساتھ رہنا نہیں چاہتی، والدین سے بھی خوفزدہ ہے اسلئے شیلٹر ہوم میں رہنا مناسب ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ دعا زہرہ کے اغوا سے متعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی میں دعا زہرہ مبینہ اغوا کیس میں ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم ظہیر اور بھائی شبیر کی عبوری ضمانت منظور کرلی، ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے ضمانت جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے سماعت 25 جولائی تک کے لئیے ملتوی کردی، ملزمان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔