سندھ اسمبلی: پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کی ایوان آمد پر پارٹی ایم پی ایز مشتعل

Published On 02 March,2021 01:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی کے تین ناراض ارکان کی ایوان آمد پر پارٹی ایم پی ایز مشتعل ہوگئے، تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی، بیچ بچاؤ کراتے تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ارکان بھی گتھم گتھا ہوگئے۔

 منحرف رکن پی ٹی آئی اسلم ابڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن اپنے بل بوتے پر جیتا ہے، اظہار رائے کا سب کو حق ہے، ہم پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے، اپنا ووٹ ضمیر کے مطابق دیں گے، ڈھائی برس گورنر کے سامنے چلاتا رہا سندھ میں کام کریں، ہمارا کوئی وفاقی وزیر دیہی سندھ میں نہیں آیا، ہمارے ناموں تک کا انہیں علم نہیں ہے۔

اسلم ابڑو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو یہ سب دھوکے میں رکھتے ہیں، دیہی سندھ کو انہوں نے نظر انداز کیا، رات تک گھومتا رہا، مجھ پر اغواء کا ڈرامہ رچایا گیا، یہ لوگ غیر سیاسی ہیں انہیں سیاست کا علم نہیں ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ڈرامہ ہوا، کل پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے ویڈیو پیغام جاری کیا اور پارٹی سے اظہار ناراضگی کیا، پارٹی تحفظات ظاہر کئے، پی ٹی آئی کے لوگوں نے سینیٹ ٹکٹ پر اعتراض کیا، انہوں نے کھل کر کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔