کراچی: لڑکی کے اغوا کا معاملہ، پولیس کا ایف آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ

Last Updated On 02 December,2019 03:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی تاحال لاپتہ، تفتیش کاروں نے کیس کے حل کے لئے ایف آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ چائے خانے پر موجود ویٹرز کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے۔

جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کروائی جائے گی، مغوی لڑکی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے دوستوں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تفتیش حکام نے دعا کے قریبی رشتے دار اور سابق منگیتر مظہر کو طلب کرلیا، زخمی حارث اور دعا کے موبائل کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے، مغوی لڑکی کے فون میں غیر ملکی سم بھی موجود تھی جبکہ زخمی حارث نے گاڑی میں افراد کو پہنچاننے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب کیس کے ایک اور گواہ کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق مغوی لڑکی ڈیفنس میں اپنے دوست کی سالگرہ میں آئی تھی، تقریب میں چائے خانے پر موجود ویٹرز کے بیانات بھی لئے گئے ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے واقعہ کی 8 سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔